Over 20,000 cases of Technology-Facilitated Gender-Based Violence (TFGBV) received by Digital Rights Foundation’s Helpline during 8 years of operation
April 24, 202523 cases registered under PECA
April 25, 2025پریس ریلیز
24 اپریل، 2025
لاہور: ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن(ڈی آر ایف) کی ہیلپ لائن نے 2024 کے موقع پراپنی آٹھویں سالانہ رپورٹ جاری کی ہے، جو “انٹرنیشنل گرلز ان آئی سی ٹی ڈے” کے موقع پر پیش کی گئی۔ یہ رپورٹ ہیلپ لائن کے اس مشن کی یاد دہانی ہے کہ ڈیجیٹل دنیا کو نوجوان لڑکیوں اور آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ، جامع اور صنفی مساوات پر مبنی جگہ میں تبدیل کرنا ہے۔ رپورٹ کا عنوان “ڈیجیٹل سیکیورٹی ہیلپ لائن سالانہ رپورٹ 2024” ہے، جو ہیلپ لائن کے نئے مرحلے کی نمائندگی کرتی ہے۔ سابقہ “سائبر ہراسمنٹ ہیلپ لائن” اب “ڈیجیٹل سیکیورٹی ہیلپ لائن” کے نام سے جانی جائے گی تاکہ وقت کی ضروریات کے مطابق خدمات کو وسعت دی جا سکے، جس کا دائرہ کار اب جنوبی ایشیا اور وسیع تر عالمی اکثریت تک پھیل چکا ہے۔ رپورٹ میں، پاکستان میں ٹیکنالوجی کے ذریعے ہونے والے صنفی بنیادوں پر تشدد (ٹی ایف جی بی وی) کے بحران پر روشنی ڈالی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر 2016 میں آغاز سے لے کر اب تک ہیلپ لائن کو ملک بھر سے مجموعی طور پر 20,020 شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں سے صرف 2024 میں 3,171 شکایات درج کی گئیں۔
ڈیجیٹل سیکیورٹی ہیلپ لائن خطے کی پہلی ہیلپ لائن ہے جو ٹی ایف جی بی وی اور دیگر آن لائن نقصانات کے خلاف ہفتے کے ساتوں دن صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک خدمات فراہم کرتی ہے۔ یہ خدمات صنفی حساسیت، رازداری، رسائی اور نفسیاتی فلاح کو ترجیح دیتی ہیں۔ رپورٹ میں 2024 کے دوران ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات کا جامع تجزیہ پیش کیا گیا ہے، جو ٹول فری نمبر (080039393)، ای میل اور ڈی آر ایف کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے موصول ہوئیں۔ اس میں ٹی ایف جی بی وی کے رجحانات اور پیٹرنز سے متعلق ڈیٹا، متاثر کن مداخلتوں کے گمنام کیس اسٹڈیز، ٹیک پلیٹ فارمز اور ریاستی حکام کے ساتھ ہیلپ لائن کی مشغولیت کی جھلک، اور پالیسی سازوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے تفصیلی سفارشات شامل ہیں۔
2024 میں ہر ماہ اوسطاً 264 نئے کیسز موصول ہوئے، جو ہیلپ لائن کے لیے ایک مصروف سال رہا۔ شکایات کی اکثریت سائبر ہراسمنٹ سے متعلق تھیں (2,741)، جن میں سے صرف 36% (619) کیسز ان شہروں سے تھے جہاں ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ فعال ہے۔ یہ دور دراز علاقوں اور چھوٹے شہروں میں رسائی کی نمایاں رکاوٹوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ چونکہ متاثرین، خصُوصاً خواتین متاثرین کو، انصاف کے حصول میں لاجسٹک، مالی اور ثقافتی رکاوٹوں کا سامنا ہوتا ہے۔ اس لیے مساوی انصاف کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ان رکاوٹوں کا حل نکالنا ضروری ہے۔ رپورٹ میں جغرافیائی ڈیٹا کے مزید تجزیے میں بتایا گیا ہے کہ ہیلپ لائن نے 25 ممالک سے موصول ہونے والی درخواستوں پر کارروائی کی، جس سے دنیا بھر میں خواتین اور کمزور افراد کو اہم ڈیجیٹل سیکیورٹی سپورٹ فراہم کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین آن لائن ہراسمنٹ کا بنیادی ہدف بنی رہیں، جن میں 1,772 کیسز خواتین سے متعلق تھے۔ مزید برآں، ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین کو غیر رضامندانہ نجی تصاویر (این سی آئی آئی) اور امیج بیسڈ ایبیوز (آئی بی اے) کے ذریعے غیر متناسب طور پر نشانہ بنایا گیا، جس میں تمام این سی آئی آئی کیسز کا 85% اورآئی بی اے کیسز کا 81% خواتین کے خلاف تھے، جن کا مقصد انہیں مجبور کرنا، بلیک میل کرنا یا ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔ جنس کی بنیاد پر اقلیتیں جیسے کہ ٹرانس جینڈر افراد بھی شدید آن لائن بدسلوکی کا شکار رہیں، جن میں جنس پر مبنی غلط معلومات، ڈاکسنگ اور جسمانی نقصان کی دھمکیاں شامل ہیں، جو ان کے آف لائن سماجی امتیاز اور بدنامی کے تجربات کی عکاسی کرتی ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سال 18 سال سے کم عمر بچوں اور نوجوانوں کے کیسز میں 2023 کے مقابلے میں 51% اضافہ ہوا ہے۔
متعدد کیسز میں اعلیٰ خطرے والے افراد اور دیگر کمزور گروہوں کو شامل کیا گیا، جیسے کہ صحافی اور میڈیا کے پیشہ ور افراد (121)، انسانی حقوق کے محافظ (44)، مذہبی اور نسلی اقلیتیں (24) اور نابالغ افراد (124)۔ ہیلپ لائن کی منیجر حیرہ باسط کے مطابق، ‘کچھ کمیونٹیز اور پیشے منظم ڈیجیٹل نفرت انگیز مہمات، ڈاکسنگ، ہراسمنٹ اور نسوانی بدسلوکی کے لیے غیر متناسب طور پر کمزور ہیں، لیکن ان گروہوں کے پاس اکثر ادارہ جاتی تحفظ نہیں ہوتا، جس سے ڈیجیٹل سیکیورٹی ہیلپ لائن کا کردار اور بھی اہم ہو جاتا ہے۔’
آخر میں، رپورٹ میں تفصیلی سفارشات شامل ہیں۔ یہ پالیسی سازوں کو مشورہ دیتی ہے کہ پیکا قانون سازی اور اس کے نفاذ میں مستقل مزاجی اور وضاحت اپنائیں ٹی ایف جی بی وی سے نمٹنے کے لیے ڈیجیٹل خواندگی کے اقدامات میں سرمایہ کاری کریں؛ خواتین کو انٹرنیٹ تک آزادانہ رسائی کے قابل بنانے کے لیے ڈیجیٹل صنفی فرق کو ختم کریں؛ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے صنفی حساس تربیت کو نصاب کا حصہ بنائیں؛ شہریوں کی ڈیجیٹل سیکیورٹی اور پرائیویسی کو محفوظ بنانے کے لیے مؤثر ڈیٹا پروٹیکشن قوانین نافذ کریں؛ اور سول سوسائٹی کی جانب سے ڈیجیٹل حقوق کے فروغ کی کوششوں کو معاونت فراہم کریں۔
رپورٹ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے درج ذیل سفارشات بھی شامل ہیں: رسائی کو بہتر بنانا، مالی و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا، متاثرین کی رازداری کو یقینی بنانا، کیس ٹریکنگ سسٹم متعارف کروانا، اور متاثرین کو درکار نفسیاتی معاونت فراہم کرنا۔
جیسا کہ ہیلپ لائن ایک علاقائی ڈیجیٹل سیکیورٹی اور خطرات کے جواب کی سروس کے طور پر اپنے کردار کو وسعت دے رہی ہے، اور ایمرجنگ تھریٹ لیب کے قیام کے ساتھ مزید پیچیدہ ڈیجیٹل حملوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہو رہی ہے، ڈیجیٹل سیکیورٹی ہیلپ لائن آئندہ مرحلے میں چند اہم اہداف پر کام کرے گی۔ ان میں ہائی رسک کیسز کے لیے ابھرتے ہوئے ردعمل کے نظام کو مضبوط بنانا شامل ہے تاکہ متاثرین کو فوری اور مؤثر مدد فراہم کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ، سرحد پار تعاون کو فروغ دے کر پاکستان سے باہر بھی معاونت کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ تنظیم صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور دیگر خطرے سے دوچار افراد کے لیے ڈیجیٹل سیکیورٹی پر تربیتی مواد تیار کرے گی، تاکہ وہ خود کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھ سکیں۔ اس کے علاوہ، عالمی ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز کے ساتھ روابط کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ آن لائن دنیا میں پسماندہ طبقات کے تحفظ کے لیے مؤثر پالیسیوں پر زور دیا جا سکے۔
رپورٹ یہاں ملاحظہ کی جا سکتی ہے
https://staging-m.digitalrightsfoundation.pk/digital-security-helpline-annual-report-2024/
